شعیب اختر کا بھارت کو شکست دینے والے فائٹر احمد مجتبیٰ کیلئے بڑا اعلان، پاکستانیوں کو خوش کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھارت کو شکست دینے والے ایم ایم فائٹر احمد مجتبیٰ کا ایئر پورٹ پر استقبال کیلئے خود جانے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں احمد کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیت زبردست تھی، اب میں احمد کا ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے منتظر ہوں۔
خیال رہے کہ کشمیر ڈے کے موقع پر پاکستان کے مکس مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر احمد مجتبیٰ وولورین نے بھارتی فائٹر راہول راجو کو ایک منٹ میں ناک آؤٹ کر دیا۔ سنگاپور میں ہونے والے ون چیمپین شپ کی لائٹ ویٹ کیٹیگری کے مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں احمد ولورین نے بھارتی حریف کو محض چند سیکنڈز میں کاﺅنٹر پنچ مار کر ناک آؤٹ کیا جبکہ اپنی جیت کو کشمیر کے نام کرنے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ مقابلے سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق کرکٹر شعیب اختر نے بھی پاکستانی کھلاڑی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر احمد مجتبیٰ نے بھارتی کھلاڑی کو شکست دی تو وطن واپسی پر میں خود ایئر پورٹ پر جاکر ان کا استقبال کروں گا، اب اپنی بات پر قائم رہتے ہوئے انہوں نے احمد مجتبیٰ کی جیت پر ایئرپورٹ جا کر خود استقبال کرنے کا اعلان کیا ہے۔