چار دہائیاں پرانا ایپل کا کمپوٹر فروخت کیلئے پیش لیکن قیمت کتنی رکھی گئی؟ یقین کرنا مشکل
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) پنتالیس سال پرانا ایک ایپل کمپیوٹر ای کامرس ویب سائٹ ’ای بے‘ پر 15لاکھ ڈالر (تقریباً 24کروڑ روپے) میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے، جو انتہائی بہترین اور چالو حالت میں ہے۔
میل آن لائن کے مطابق ای بے پر یہ ’ایپل ون‘ کمپیوٹر کرشنا بلیک نامی ایک امریکی شہری نے فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔ یہ اوریجنل ایپل 1مشین ہے۔ اس ماڈل کے کل 175کے لگ بھگ کمپیوٹر بنائے گئے تھے جن میں سے اب صرف 8ہی چالو حالت میں موجود ہیں اور ان 8میں سے بھی 6اپنے اصلی لکڑی کے کیس(Case) میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ کمپیوٹر ایپل کمپنی کے بانیوں سٹیو جابز اور سٹیو ووزنیاک نے اپنے ہاتھوں سے تیار کرکے 1976ءمیں لانچ کیے تھے۔انہوں نے یہ کمپیوٹر اپنے کچھ دوستوں اور دیگر کاروباری شخصیات کو فروخت کیے تھے۔ اس وقت انہوں نے اس ایپل ون کمپیوٹر کی قیمت 666.66ڈالر قیمت رکھی تھی جو ڈالر کی آج کی قدر کے لحاظ سے تین ہزار 126ڈالربنتی ہے۔
کرشنا بلیک نے ای بے پر کمپیوٹر کی اس وقت کی اصل قیمت سے 2ہزار250گنا زیادہ قیمت لگائی ہے۔ اس ایپل 1کمپیوٹر کے ساتھ ایک پیریڈ سونی ٹی وی 115مانیٹر، مینوئلز اورسافٹ ویئربھی مہیا کیے جا ئیں گے۔