حسن علی کی زندگی کا مشکل ترین وقت کونسا تھا؟فاسٹ باؤلر نے خود ہی بتادیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کا کہنا ہے کہ انجری کے دوران کرکٹ سے دور رہنا بہت مشکل تھا۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریورس سوئنگ کے لیے اچھی لائن اور لینتھ ضروری ہے، ٹیسٹ کرکٹر بننے کا شوق تھا، ٹیسٹ کرکٹ مجھے بہت پسند ہے۔انجری کا وقت میرے لیے بہت مشکل تھا،میں تینوں فارمیٹس میں کھیل رہا تھا ،اب بھی میری خواہش ہے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرو۔انجری کے دوران میں اپنے فینز سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہنے کی کوشش کرتا تھا اور ان کو یقین دلاتا تھا کہ میں جلد ٹیم میں واپس آؤں گا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر حسن علی نے اپنی شاندار بولنگ سے پروٹیز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، فاسٹ بولر حسن علی نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔