تحریک انصاف کو سینیٹ انتخابات میں کتنی نشستیں حاصل ہوں گی ؟ پرویز خٹک نے ایسا دعویٰ کردیا کہ متحدہ اپوزیشن چکرا جائے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر دفاع پرویز خٹک نے سینیٹ الیکشن میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو 20نشستیں ملنے کا دعوی کردیا۔
نوشہرہ میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خان خٹک نے کہا کہ اپوزیشن والے صبح کچھ اور شام کو کچھ اور کہتے ہیں، کبھی اپوزیشن اتحاد کہتا ہے کہ وہ کسی سے رابطہ نہیں کرتے ہیں، پھر خود ہی کہتے ہیں رابطہ کرتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہاکہ مجھے نہیں پتا کہ اپوزیشن سے کون کون رابطے میں ہے؟ لانگ مارچ سے حکومت کا خاتمہ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے، سینیٹ الیکشن میں 20سیٹوں پر تحریک انصاف کو کامیابی مل جائے گی۔
پرویز خٹک نے 20 نشستوں کے حوالے سے اپنے دعوی سے متعلق مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سے ہم 12میں سے 10سیٹیں جیت لیں گے، پنجاب کی 11 نشستوں میں سے پی ٹی آئی کے چھ امیدوار، سندھ اور بلوچستان سے 2 سیٹیں پی ٹی آئی کے حصے میں آئیں گی۔