جرگے نے خواتین کے ایف ایم ریڈیو کو فون کرنے پر پابندی لگادی
باجوڑ(ڈیلی پاکستان آن لائن )قبائلی جرگے نے خواتین کے ایف ایم ریڈیو کو ٹیلی فون کال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے،خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق باجوڑکی تحصیل ماموند کے قبائلی عمائدین کے جرگے نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی خواتین ایف ایم ریڈیو میں براہ راست کال کر کے حصہ نہیں لے سکتیں ، یہ قبائلی روایات کے خلاف ہے۔جرگے نے منشیات فروشوں کو دو ہفتے کی ڈیڈلائن بھی دی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنا کاروبار ختم کردیں۔ دو ہفتے بعد منشیات فروشوں کے خلاف لشکر کشی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔
خیبرپختونخوا حکومت نے جرگے کے خواتین کے حوالے سے کئیے گئے فیصلے پر ایکشن لیتے ہوئے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے کر انتظامیہ کو کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ قبائلی روایات اور اقدار کی کے پی حکومت بہت قدر کرتی ہے۔ جرگے کو قانونی شکل دینے کے لئے ڈی آر سی موجود ہے۔ خواتین پر پابندی یا اس قسم کے کسی بھی غیر قانونی عمل کو لاگو نہیں ہونے دیا جائے گا۔