وزیر اعلیٰ پنجاب نے مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کو خوشخبری سنادی، اربوں کے فنڈ جاری کردیے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیف منسٹر صوابدیدی گرانٹ سے مختلف مہلک امراض میں مبتلا تقریبا ً تین ہزار مریضوں کے علاج کیلئے سوا دو ارب ر وپے کے فنڈز جاری کر دیے ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ صوابدیدی گرانٹ سے کوہیلر امپلانٹ کے 239 کیسز کیلئے 31 کروڑ 37 لاکھ روپے ، چیف منسٹر صوابدیدی گرانٹ سے بون میرو کے 499 کیسز کیلئے 62 کروڑ سے زائد ، کینسر میں مبتلا 250 مریضو ں کیلئے 26 کروڑ 33 لاکھ روپے ، امراض قلب کے 43 کیسز کیلئے ایک کروڑ روپے مالی امداد جاری کی گئی ۔
ترجمان کے مطابق امراض جگر میں مبتلا مریضوں کے 539 کیسز کیلئے 48 کروڑ 41 لاکھ روپے ، امراض گردہ میں مبتلا مریضوں کے 642 کیسز کیلئے 18 کروڑ 34 لاکھ روپے ، گاؤچر (تلی بڑھنا) کے مرض کے 16 کیسز کیلئے 5 کروڑ 38 لاکھ روپے کی چیف منسٹر صوابدیدی گرانٹ جاری کی گئی ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اینزائم کے امراض میں مبتلا 16 مریضوں کیلئے 5 کروڑ 87 لاکھ روپے، ہارمون مسائل میں مبتلا 7 کیسز کیلئے 40 لاکھ روپے، ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا 8 کیس کیلئے 76 لاکھ روپے ، لیکیومیا کے 2 کیس کیلئے 10 لاکھ روپے، پارکنسن کے 11 مریضوں کے لیے دو کروڑ روپے، گنٹھیا کے 10 مریضوں کیلئے 47 لاکھ روپے ، مہلک امراض میں مبتلا افراد کے 113 کیسز کیلئے 12 کروڑ 37 لاکھ روپے کی چیف منسٹر صوابدیدی گرانٹ جاری کی گئی ۔