پاکستان کی پہچان ، معروف تن ساز یحییٰ بٹ لاہور میں انتقال کر گئے

 پاکستان کی پہچان ، معروف تن ساز یحییٰ بٹ لاہور میں انتقال کر گئے
 پاکستان کی پہچان ، معروف تن ساز یحییٰ بٹ لاہور میں انتقال کر گئے
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تین مرتبہ مسٹر ایشیا سمیت بے شمار اعزاز جیتنے والے پاکستان کے معروف تن ساز یحییٰ بٹ لاہور میں انتقال کر گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ،صوبائی وزیر کھیل سمیت اہم شخصیات نے یحییٰ بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق یحییٰ بٹ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کی انتقال کی تصدیق پنجاب باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر نعیم اختر نے کی۔یحییٰ بٹ پنجاب باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین بھی تھے اور وہ تین مرتبہ مسٹر ایشیا، مسٹر اولمپیا اور مسٹر پاکستان بھی رہے۔وہ 2020ء میں کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور اس سے صحتیاب ہونے کے بعد ان کو بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص ہوئی، یہ مرض جان لیوا ثابت ہوا۔یحییٰ بٹ کے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہزاروں شاگرد ہیں جو ان دنوں اپنے استاد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسٹر ایشیاء کا ٹائٹل جیتنے والے معروف باڈی بلڈر یحییٰ بٹ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتےہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوارخاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ہے،وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔یحییٰ بٹ کے انتقال پر صوبائی وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی نے دکھ کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ یحییٰ بٹ کی تن سازی میں خدمات کو کبھی نہیں بلایا جا سکتا۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بھی یحییٰ بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باڈی بلڈنگ کی پہچان،تین بار ایشین چیمپئن،پانچ بار مسٹر پاکستان اولمپیا کا اعزاز حاصل کرنے والے یحییٰ بٹ کی کینسر کے باعث وفات کا سن کر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ مرحوم کی پاکستان میں باڈی بلڈنگ کے کھیل کے حوالے سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے۔