شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت کل دن ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردی ۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت ہوئی، درخواست ضمانت پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی ، پراسیکیوٹر نے کہاکہ تفتیشی افسر ہائیکورٹ گیا تھا، ابھی تک ریکارڈ لے کر نہیں آیا،وکیل مدعی نے 2 روز کیلئے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی ۔
وکیل مدعی نے استدعا کرتے ہوئے کہاکہ درخواست ضمانت پر تیاری کیلئے 2 روز درکار ہیں ، جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ 2 روز تو نہیں لیکن ایک دن کا وقت دے دیتا ہوں ۔
وکیل نے شیخ رشید سے ملاقات کی استدعا کردی ،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ شیخ رشید اب تو جیل میں ہیں ، آپ ملاقات کر لیں ،عدالت نے مزید سماعت کل ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردی ۔