پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات ، (ن )لیگ کا دونوں صوبوں میں پارٹی اورممکنہ امیدواروں کی مقبولیت چیک کرنے کا فیصلہ

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے معاملے پر مسلم لیگ( ن) نے دونوں صوبوں کے تمام حلقوں میں پارٹی اورممکنہ امیدواروں کی مقبولیت چیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل" ایکسپریس نیوز" کے مطابق پارٹی ذرائع کاکہناہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے معاملے پر قائد (ن) لیگ نوازشریف اورچیف آرگنائزر مریم نوازنے دونوں صوبوں کے تمام حلقوں میں پارٹی اور ممکنہ امیدواروں کی مقبولیت چیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر حلقے میں پارٹی اور ممکنہ امیدواروں کی مقبولیت جانچنے کیلئے سروے کرایا جائے گا ،پارٹی ہر حلقے میں مقبولیت چیک کرنے کی سروے کرائے گی ، سروے کسی مستند کمپنی کے ذریعے کرایا جائے گا جس کی تصدیق بھی کرائی جائے گی ، سروے کی بنیاد پر پارٹی مستقبل کی حکمت عملی طے کرے گی ۔
ذرائع کاکہناہے کہ ہر حلقے میں ممکنہ امیدواروں کی اہلیت ،مقبولیت اورپارٹی سے وابستگی بارے بھی سروے کرایا جائے گا،مریم نواز نے ڈویژنل صدور سے ممکنہ امیدواروں کی فہرستیں طلب کرلی ہیں ،ممکنہ امیدواروں کی فہرست مریم نواز کی سفارشات کیساتھ نوازشریف کو بھجوائی جائے گی ،تمام امیدواروں کی ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نوازشریف خود کریں گے ۔