3 لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتنے پر خاتون سانس لینا بھول گئی، بیٹے کو خوشخبری دینے کیلئے فون کیا تو الٹا اسے پریشان کردیا

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست مشی گن میں ایک خاتون نے لاٹری میں لاکھوں ڈالر جیتنے کے بعد اپنے بیٹے کے لیے ایک چھوٹی سی ایمرجنسی صورت حال پیدا کردی۔ رینا شیلبی یہ جاننے کے بعد کہ اس نے3 لاکھ ڈالر جیت لیا ہے جوش میں ہوش کھو بیٹھی اور اسے سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، اس کے بیٹے نے سوچا کہ اسے 911 پر کال کرنا پڑے گی ۔ رینا نے لاٹری کا ٹکٹ فلنٹ شہر کے ایک بازار سے خریدا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق لاٹری حکام نے کہا کہ رینا شیلبی ہمیشہ اپنے ٹکٹ ایک سیلف سرونگ مشین سے خریدتی ہیں ۔ اس نے پرانے ٹکٹ واپس کرکے پانچ ڈالر کا نیا ٹکٹ حاصل کیا جس پر تین لاکھ ڈالر کا انعام نکل آیا۔ اس نے فون پر اپنے بیٹے کو اس بارے میں بتایا اور اتنی زیادہ جذباتی ہوگئی کہ سانس ہی بھول گئی، اس دوران اس کا بیٹا سخت پریشان ہوگیا اور اسے لگا کہ اسے مدد کیلئے 911 کو کال کرنی چاہیے۔