ترکیہ اور شام میں زلزلہ، ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا

انقرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترکیہ اور شام میں آنیوالے زلزلے کے باعث ہونیوالی ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ، دونوں ممالک میں اب تک مجموعی طور پر 1880افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں اب تک 1300افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے ، جبکہ زخمیوں کی تعداد 5ہزار سے زائد ہے، شام میں ہلاکتوں کی تعداد580 ہے جبکہ 2ہزارسے زائد افراد زخمی ہیں۔ دونوں ممالک کے حکام کہنا ہے کہ زلزلے سے تباہ ہونیوالی عمارتوں کے ملبے تلے تاحال ہزاروں افراد دبے ہوئے ہیں جس کے باعث ہلاکتوںمیں اضافے کاخدشہ ہے ۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں گزشتہ رات شدیدنوعیت کازلزلہ آیا جس سے ہزاروں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کا مرکز ترکیہ کے جنوب میں 17.8کلومیٹر گہرائی میں تھا ، زلزلے کے جھٹکوں کو ایک منٹ تک محسوس کیا گیا ۔زلزلے کے جھٹکے شام ، یونان ، قبرض ،جارجیا، آرمینیا، لبنان اور اردون میں بھی محسوس کیے گئے ہیں ۔
ترک حکام کے مطابق حالیہ زلزلے کی شدت گزشتہ 90سال کے دوران آنیوالے زلزلوں میں سب سے زیادہ تھی ، ترکیہ میں 1939میں بھی 7.8شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے باعث 30ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے ۔
ترک صدر طیب اردوان نے میں ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے جبکہ زلزلے سے متاثر ہونیوالے شہروں میں تعلیمی ادارے بھی بند کردیئے گئے ہیں۔ ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد سے اب تک 78 آفٹرشاکس محسوس کیے گئے ہیں۔