کرپٹو ٹریڈنگ کی لت میں مبتلا افراد کی بحالی کیلئے مرکز قائم، چار ہفتوں کی تھراپی کی فیس جان کر ہی ہوش اڑ جائیں

میڈرڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) 'دی بیلنس' نامی ایک بحالی مرکز جو ہسپانوی جزیرے مالورکا میں واقع ہے، نے ان لوگوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے جو کرپٹو کرنسی کے "نشے" میں مبتلا ہیں۔ یہ بحالی مرکز چار ہفتوں تک مساج، یوگا اور تھراپی کے ذریعے کرپٹو ٹریڈنگ کے عادی افراد کا علاج کرے گی۔ حالیہ برسوں میں، عالمی کرپٹو کمیونٹی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تجزیاتی فرم Triple-A کا اندازہ ہے کہ 2023 تک دنیا بھر میں 420 ملین سے زیادہ کرپٹو ہولڈرز ہیں۔ "دی بیلنس" بحالی مرکز کی طرف سے کرپٹو کے نشئیوں کے علاج کیلئے 75 ہزار ڈالر (تقریباً دو کروڑ 64 لاکھ روپے) کی فیس مقرر کی ہے۔
بی بی سی کے مطابق حال ہی میں ایک کلائنٹ نے مرکز میں شکایت کی کہ وہ کرپٹو ٹریڈنگ کی خواہش کو چھوڑنے سے قاصر ہے، یہ شخص کرپٹو ٹریڈنگ پر ہر ہفتے زیادہ سے زیادہ دو لاکھ ڈالر (تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کر رہا تھا۔ بی بی سی کی رپورٹ میں ایک گمنام ری ہیب کلائنٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس نے بے خوابی اور رات کو بے چینی کی شکایت کی۔ 'لمبے سفر کی پروازوں پر جانے سے پہلے مجھے پسینہ آ جاتا تھا کیونکہ میں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں کر پاتا تھا۔'
تاہم بیلنس پہلا بحالی مرکز نہیں ہے جس نے کرپٹو ٹریڈنگ کی لت کو مروجہ عام نشوں کی اقسام جیسے شراب نوشی اور منشیات پر انحصار، کو تسلیم کیا ہے۔ سکاٹ لینڈ میں کیسل کریگ ہسپتال 2018 سے 'ہائی ایڈرینالین' مریضوں کے درمیان کرپٹو سے متعلقہ لت سے لڑنے کے لیے خدمات پیش کر رہا ہے۔ کوائن ٹیلی گراف کے مطابق یہ سہولت پہلے ہی سو سے زیادہ ایسے کلائنٹس کا علاج کر چکی ہے جو کرپٹو سے متعلق جوئے کے مسائل کے عادی تھے۔