گوگل کروم پر "کوئیک ڈیلیٹ" فیچر متعارف کرانے کی خبریں، کتنی دیر کی ہسٹری فوری ڈیلیٹ کی جاسکے گی؟ دلچسپ دعویٰ

سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) گوگل مبینہ طور پر کروم کے لیے ایک ایسے نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جو صارفین کو گزشتہ 15 منٹ کی اپنی براؤزنگ ہسٹری کو ڈیلیٹ کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔ اس فیچر کو براؤزر انجن کے لیے حال ہی میں اپ ڈیٹ کردہ سورس کوڈ میں دیکھا گیا ہے ۔ مبینہ طور پر یہ صارفین کو اینڈرائیڈ کے لیے کروم پر اپنی براؤزنگ ہسٹری کو تیزی سے مٹانے کے قابل بنائے گا۔ فی الحال براؤزر صارفین کو آخری گھنٹے، 24 گھنٹے، 7 دن، 4 ہفتے اور 'مکمل ' طور پر اپنی براؤزنگ ہسٹری کو صاف کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ نیا کوئیک ڈیلیٹ فیچر ابھی تک تیاری کے مراحل میں ہے اور اس کا تجربہ نہیں کیا جا سکتا۔
کروم سٹوری کی رپورٹ کے مطابق گوگل کروم ایک نئے کنٹرول پر کام کر رہا ہے جو صارفین کو اپنی انٹرنیٹ براؤزنگ ہسٹری پر زیادہ کنٹرول دے گا۔ 'کوئیک ڈیلیٹ' کے نام سے اس فیچر کو کرومیم گیرٹ پر دیکھا گیا ہے جو کہ گوگل سے براؤزر کی ڈویلپمنٹ کو ٹریک کرنے والی ایک ویب سائٹ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ فیچر صارفین کو اینڈرائیڈ کے لیے کروم پر آخری 15 منٹ سے اپنی براؤزنگ ہسٹری اور کیش کو صاف کرنے کی اجازت دے گا۔ اس میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ براؤزنگ ہسٹری کو ڈیلیٹ کرنے کا نیا آپشن کروم میں اوپری دائیں کونے میں واقع تھری ڈاٹ مینو میں ظاہر ہوگا۔