نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر زاہد رفیق کے اعزاز میں سماجی رابطہ کمیٹی جدہ کے زیر اہتمام پروقار عشائیہ

نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر زاہد رفیق کے اعزاز میں سماجی رابطہ کمیٹی ...
نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر زاہد رفیق کے اعزاز میں سماجی رابطہ کمیٹی جدہ کے زیر اہتمام پروقار عشائیہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر زاہد رفیق کے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے موقع پر سماجی رابطہ کمیٹی جدہ کے زیر اہتمام ایک پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت صدر سماجی رابطہ کمیٹی راجہ محمد ریاض نے کی، جبکہ صدر جماعت اسلامی گجرات چوہدری انصر محمود دھول اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔

تقریب میں رابطہ کمیٹی کے ذمہ داران، پاک کشمیر کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صدر سماجی رابطہ کمیٹی راجہ محمد ریاض نے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی زاہد رفیق کو عمرہ کی سعادت پر مبارکباد پیش کی اور کشمیر میں ان کی جماعتی خدمات کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

ناظم جماعت اسلامی جدہ ڈاکٹر معین نے اپنے خطاب میں مسلم امہ کے اتحاد، مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل پر روشنی ڈالی اور جماعت اسلامی کے مؤقف کو اجاگر کیا۔ چیئرمین مسلم لیگ ن سعودی عرب چوہدری اکرم گجر نے کمیونٹی کے اتحاد اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔

جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی کے چیئرمین سردار محمد اشفاق نے اپنے خطاب میں سعودی وژن 2030 اور جموں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ معروف سائنسدان ڈاکٹر سجاد نے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کے خطرات سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی گجرات چوہدری انصر دھول نے اوورسیز پاکستانیوں کے اتحاد اور عالمی سطح پر جماعت اسلامی کے مؤقف پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے موجودہ حالات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ الخدمت گروپ سعودی عرب کے سربراہ محسن غوری نے الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی کاموں سے متعلق آگاہی فراہم کی اور سالانہ جائزہ رپورٹ پیش کی۔

مہمانِ خصوصی زاہد رفیق نے اپنے خطاب میں تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کشمیر میں عدالتی، تعلیمی اور بیوروکریسی کے نظام سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی اور کشمیر کی آزادی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر قائم مقام چیئرمین جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی انجینئر عارف مغل نے کشمیر و فلسطین کی آزادی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔