باپ نے 10 سالہ بیٹے کو زہر دے کر قتل کر دیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی شہر احمد آباد کے علاقے پپو نگر میں 47 سالہ کلپیش گوہل نے مبینہ طور پر اپنے 10 سالہ بیٹے کو زہریلا پانی پلا کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پانی میں سوڈیم نائٹرائٹ ملایا تھا، جو ایک زہریلا کیمیکل ہے۔ بپو نگر پولیس سٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ کلپیش گوہل نے اپنے دونوں بچوں کو زہر دینے اور پھر خودکشی کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن جب اس نے اپنے بیٹے کی بگڑتی ہوئی حالت دیکھی تو وہ خوفزدہ ہو کر فرار ہو گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق گوہل نے اپنی 15 سالہ بیٹی جیا اور 10 سالہ بیٹے اوم کو ایک "دوائی" دی جس کے بارے میں اس نے کہا کہ یہ الٹی روکنے کی دوا ہے۔ اس کے بعد اس نے اپنے بیٹے کو زہریلا پانی پلایا۔ بیٹی پر دوا کا کوئی اثر نہیں ہوا، لیکن بیٹا فوراً الٹی کرنے لگا اور اس کا رنگ زرد پڑ گیا۔ملزم نے گھبرا کر اپنا موبائل فون چھوڑ دیا اور گھر سے فرار ہو گیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بیٹی نے ایمبولینس کو کال کی جس کے بعد بچے کو فوراً نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعے کے وقت ملزم کی بیوی گھر پر موجود نہیں تھی۔ واقعے کے بعد بچی نے اپنے چچا یوگیش گوہل کو بتایا کہ اس کے والد نے اسے اور اس کے بھائی کو "الٹی روکنے کی دوا" دی تھی۔ چچا نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد گوہل کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد گوہل نے اعتراف کیا کہ اس نے 30 گرام سوڈیم نائٹرائٹ پانی میں ملا کر اپنے بیٹے کو پلایا تھا۔ابھی تک قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس اس پہلو پر بھی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا گوہل کسی ذہنی دباؤ یا مالی پریشانی کا شکار تھا۔