’’شکریہ میڈیم سی ایم ‘‘۔۔۔بسنت فیسٹیول شروع ، لاہور چھا گیا ، 12بجتے ہی آسمان پر پتنگوں کی اڑانیں، چھتوں پر رونقیں ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ’’شکریہ میڈیم سی ایم ‘‘۔۔۔بسنت فیسٹیول شروع ، لاہور چھا گیا ، 12بجتے ہی آسمان پر پتنگوں کی اڑانیں، چھتوں پر رونقیں ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ، کھابوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہوربسنت کے رنگوں میں رنگ گیا، رات 12 بجتے ہی 3 روزہ بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نےرات12 بجے پتنگ اڑا کر بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز کیا۔لاہور کے آسمان پر ستاروں کی جگہ پتنگیں سج گئیں۔ چھتوں پر پتنگ بازی اور ہلہ گلہ جاری ہے، اڑتی اور گرتی پتنگوں کو دیکھنے کے لیے منچلے سڑکوں پر نکل آئے۔
بسنت کا مزہ دوبالا کرنے کے لیے خواتین بھی پیش پیش ہیں، ہاتھوں پر مہندی ، رنگ برنگے لباس اور مزیدار پکوان سے بسنت کا استقبال کیا گیا۔کئی خواتین خود بھی پتنگ ہاتھوں میں لیے چھتوں پر موجود ہیں، باقی خواتین نے ہاتھوں پر مہندی سجائی ہے، رنگ برنگے لباس پہنے ہیں اور مزیدار پکوان سے بسنت کا استقبال کر رہی ہیں۔
لاہور کی سڑکیں اور گلیاں اس وقت پتنگوں سے سجی ہیں، پتنگ اور ڈور مہنگی ہونے کے باوجود شہر بھر میں نایاب ہو چکی ہے۔
لاہور کے شہریوں نے 3روز بسنت فیسٹیول کے انعقاد پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
