ایک ایٹمی طاقت غیر معمولی پیمانے پر اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کر رہی ہے، امریکی عہدیدار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے روس اور امریکہ کے درمیان آخری جوہری اسلحہ کنٹرول معاہدے نیو سٹارٹ (New START) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ بنیادی طور پر ناقص تھا کیونکہ اس میں چین کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔
امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے آرمز کنٹرول اینڈ انٹرنیشنل سیکیورٹی تھامس جی ڈی نینو کا کہنا ہے کہ نیو اسٹارٹ معاہدہ اب اپنی اہمیت کھو چکا ہے، ایک ایٹمی طاقت غیر معمولی پیمانے پر اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کر رہی ہے۔تھامس ڈی نینو نے کہا کہ صرف ایک جوہری طاقت کے ساتھ دو طرفہ معاہدہ مناسب نہیں رہا، چین کےجوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر نہ کوئی حد ہے، نہ شفافیت، نہ اعلانات اور نہ ہی کنٹرول کا کوئی نظام۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو علم ہے کہ چین نے جوہری دھماکا خیز تجربات کیے ہیں۔
دوسری جانب روسی سفیر برائے تخفیفِ اسلحہ نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول یا ان میں کمی سے متعلق مذاکرات میں روس شامل ہونے کیلئے تیار ہوگا۔روسی سفیر نے کہا کہ برطانیہ اور فرانس کو بھی اس عمل کا حصہ بنایا جائے۔
