جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد انتقال کر گئے

جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد انتقال کر گئے
جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد انتقال کر گئے

  

نوشہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ قاضی حسین احمد دل کے عارضے میں مبتلا تھے جبکہ تین روز قبل طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث انہیں اسلام آباد کے ایف 10 ہسپتال منتقل کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارٹ اٹیک ان کیلئے جان لیوا ثابت ہوا اور 74 سال کی عمر میں وہ انتقال کر گئے۔ ان کی میت اسلام آباد سے پشاور منتقل کی جا رہی ہے جہاں سے ان کے آبائی گاﺅں نوشہرہ منتقل کیا جائے گا جبکہ ان کی نماز جنازہ آج شام تین بجے جناح پارک پشاور میں ادا کی جائے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر رہنماﺅں اور تمام مکتبہ فکر کے لوگوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماءلیاقت بلوچ نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاضی حسین احمد نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور استعمال کیا اور حق پر قائم رہ کر زندگی گزاری۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے ان کی طبیعت خراب تھی جبکہ دو بائی پاس پہلے ہی ہو چکے تھے۔ قاضی حسین احمد 12 جنوری 1938ءمیں ضلع نوشہرہ کے گاﺅں زیارت کاکا صاحب میں پیدا ہوئے ۔ 1970 میں جماعت اسلامی کے رکن بنے جبکہ 1986 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ 1992ءمیں دوبارہ سینیٹر بنے لیکن1996ءمیں کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف احتجاجاً مستعفی ہو گئے۔ وہ 10 اکتوبر 2002 سے لے کر 18 فروری 2006 تک متحدہ مجلس عمل کے صدر بھی رہے۔ 

مزید :

اسلام آباد -اہم خبریں -