پاکستان تجارتی و سرمایہ کاری کے لیے انتہائی محفوظ جگہ ہے‘پیٹرک براؤن

پاکستان تجارتی و سرمایہ کاری کے لیے انتہائی محفوظ جگہ ہے‘پیٹرک براؤن

  

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان تجارتی و سرمایہ کاری کے لیے انتہائی محفوظ جگہ ہے، کینڈا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اپوزیشن لیڈر اور اونٹریو کینڈا کی قانون ساز اسمبلی کے وفد کے سربراہ پیٹرک براؤن نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ سینیٹر سلمی عطاء اللہ جان، صدر پاکستان کینڈا بزنس کونسل سمیر ڈوسل، قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ٹرنر اور صدر آل پاکستان بزنس فورم ابراہیم قریشی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ پیٹرک براؤن نے کہا کہ پاکستان میں کینڈا کے تاجروں کے لیے بہت زیادہ پوٹینشل ہے، دونوں ممالک کے تاجروں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے باہمی روابط مضبوط کرنے اور تجربات کا تبادلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوطرفہ تجارت اور مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان سے متعلق اپنے بہترین تجربہ سے کینڈا کے اراکین پارلیمنٹ کو آگاہ کریں اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کا حجم بہت کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ کینڈا کے وفد کا دورہ پاکستان بہت اہم ہے جو تجارتی و معاشی مواقعوں کو بھرپور طریقے سے اْجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پراسیسڈ فوڈ سمیت دیگر بہت سی اشیاء کینڈا کو برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جس سے کینڈا کو فائدہ اھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے ، اس منصوبے پر چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔

، تکمیل کے بعد نہ صرف مقامی بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کینڈین کمپنیوں کو پاکستان کے توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم باہمی دوستانہ تعلقات کی عکاسی نہیں کرتا، اسے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبہ کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ ناصر سعید نے کہا کہ اونٹریو معاشی حوالے سے کینڈا کا بہت مستحکم صوبہ ہے جہاں مینوفیکچرنگ اور زراعت کے چعبوں نے بہت ترقی کی ہے، ان شعبوں میں دونو ں ممالک کے تاجر مشترکہ منصوبہ سازی کرسکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -