گیس بحران نے عوام کیلئے مزید مشکلات کھڑی کر دیں،میا ں مقصود احمد

گیس بحران نے عوام کیلئے مزید مشکلات کھڑی کر دیں،میا ں مقصود احمد

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ لاہورسمیت صوبے بھر میں گیس کے بدترین بحران نے عوام کے لئے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔کئی کئی گھنٹوں تک گیس کی عدم دستیابی اور پریشر کم ہونے سے کھاناپکانا ممکن نہیں رہا۔گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑنے سے بچے اور بڑے ناشتہ کئے بغیراسکول اور دفاتر جانے پر مجبور ہیں۔سردی بڑھنے اور گیس بحران کی وجہ سے لکڑی اور مٹی کے تیل کی قیمت بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔ حکومتی دعوؤں کے برعکس عوام کی پریشانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بجلی اور گیس کے بحران کی وجہ سے لوگوں کے روزمرہ کے معاملات درہم برہم اور زندگی اجیرن ہوچکی ہے یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کوعوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔حکومت بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے محض دعوؤں اور باتوں کی بجائے سنجیدگی دکھائے اور عملی اقدامات کرے گیس کی کمیابی عوام الناس کے لئے اذیت کاباعث بن چکی ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ نئی گیس فیلڈزدریافت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ18کروڑ عوام کی ضروریات کوپوراکیا جاسکے۔بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔مزدوروں کے لئے روزگار کے مواقع ختم ہوکر رہ گئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -