زرداری نواز گٹھ جوڑ کا نقصان پاکستانی عوام کو ہوا،عبدالعلیم خان
لاہور (نمائندہ خصوصی ) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا عمران خان کے خلاف مظاہرہ کھیسانی بلی کے کھمبا نوچنے کے مترادف ہے اس پارٹی کی تباہی کیلئے اس کی اپنی قیادت ہی کافی ہے قوم جانتی ہے کہ گذشتہ10برسوں میں کن دو سیاسی جماعتوں نے لوٹ مار پر مک مکا کر کے اقتدار کی بندر بانٹ کی ،انہوں نے کہا کہ زرداری نواز گٹھ جوڑ کا نقصان پاکستانی عوام کو ہوا انتخابی مہم میں ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا دعوی کرنے والے آج ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں اور احتساب کے نام پر نورا کشتی کر رہے ہیں اور اپنی کارستانیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پیپلز پارٹی عمران خان کے خلاف مظاہرے کا ڈھونگ رچا رہی ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ زرداری کی بھاری کرپشن کے ابھی چند کردار سامنے آئے ہیں جبکہ اصل فلم ابھی باقی ہے ،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے قومی خزانہ لوٹنے والوں سے نرمی سے کام لے رہی ہے جس کا پیپلز پارٹی بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کا 2018تک بھی لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے کا اعتراف اُن کی نا اہلی اور وعدہ خلافی کا کھلا ثبوت ہے جس کا خمیازہ انہیں آئندہ عام انتخابات میں بھگتنا ہو گا ،انہوں نے کہا کہ سینے پر ہاتھ مار کر 6ماہ سے ڈیڑھ سال میں لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے اور منار پاکستان پر ٹینٹ لگانے کا ڈرامہ کرنے والے آج منہ چھپاتے پھرتے ہیں اور اُن کا سارا انحصار اخبارات کی اشتہاری مہم پر ہے ۔