پیر پنچال کے آر پار بارش اور درمیانہ درجے کی برفباری

پیر پنچال کے آر پار بارش اور درمیانہ درجے کی برفباری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی) پیر پنچال کے آر پار بارشوں اور درمیانہ درجے کی برفباری کے نتیجے میں واد ی کے طول و عرض میں معمول کی زندگی متاثر رہی تاہم سرینگر جموں شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھلی رہی۔تازہ برفباری سے موبائیل اور براڈ بینڈ انٹر نیٹ خدمات بھی کئی گھنٹوں تک متاثر رہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر ہلکی برف باری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ پیر پنچال کے آر پار سوموار کی صبح سے شروع ہوئی بارشوں اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا اس دوران بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو سوموار کی شام تک جاری تھا۔


شہر کی مضافاتی پہاڑیوں کے ساتھ ساتھ مکانوں کی چھتوں اور کھلے میدانوں میں برف کی ہلکی پرت بچھ گئی تھی۔تاہم برفباری اور اسکے ساتھ ساتھ بارشوں کا سلسلہ بھی مختصر مدت کیلئے جاری رہا۔ سرینگر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گزشتہ ماہ کی11تاریخ کو پہلی لیکن ہلکی برفباری ہوئی تھی۔ جنوبی کشمیر کے بیشتر بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ اسلام آباد ضلع میں سوموار کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ سنتھن ٹاپ ،چندن واڑی، آڑو، پسو ٹاپ، اور شیش ناگ میں 5انچ تازہ برف جمع ہو گئی ۔کولگام سے خالد جاوید نے اطلاع دی ہے کہ قصبہ کے گردونواح کے علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بالائی علاقوں جن میں نندی مرگ اور اہربل شامل ہیں میں برف باری کا تازہ سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پلوامہ اور شوپیاں قصبوں میں سوموار کو پورا دن ہلکی بارش ہوئی جبکہ شوپیاں کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر گلی اور اور مغل روڑ کے گردنواح کے پہاڑیوں پر تازہ 8انچ برف جمع ہو گئی اور یہاں شام تک برف باری کاسلسلہ جاری تھا ۔ بڈگام کے دودھ پتھر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔بانڈی پورہ ضلع میں سوموار کی صبح پہلے تیز بارشیں ہوئیں اور اس کے فورن بعد برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں تین سے چار انچ جبکہ بالائی علاقوں میں 7سے 8انچ تازہ برف جمع ہو گئی ۔گریز بانڈی پورہ شاہراہ پر بھی بھاری برف باری ہوئی ۔ بانہال رام بن اور گول سمیت وادی چناب کے ڈوڈہ اور کشتواڑ کے میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہورہی ہیں جبکہ اونچی پہاڑی چوٹیوں پر برفباری ہوئی ہے۔تازہ برفباری کے چلتے سرینگر سمیت کئی اضلاع میں موبائیل اور براڈ بینڈ انٹر نیٹ خدمات بھی دوپہر تک متاثر رہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق3اور4 دسمبرکی درمیانی رات ریاست کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت2.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ کے مطابق لداخ کاکرگل قصبہ وادی کا سرد ترین علاقہ رہا جہاں اس رات کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی9ڈگری جبکہ لیہہ میں منفی7.8 ریکارڈ کیا گیا۔

مزید :

عالمی منظر -