گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق صدر مستان سنگھ کی درخواست ضمانت منظور

گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق صدر مستان سنگھ کی درخواست ضمانت منظور

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق صدر مستان سنگھ کی دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج مقدمے میں درخواست ضمانت منظور کر لی۔جسٹس مظہر اقبال سدھو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مستان سنگھ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالتی کارروائی دیکھنے اور مستان سنگھ کے مقدمے کی پیروی کے لئے درجنوں سکھ بھی عدالت میں پیش ہوئے، مستان سنگھ کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر گردواروں کی سینکڑوں کنال اراضی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کو غیرقانونی طور پر فروخت کروا رہے ہیں، گردواروں کی اراضی کے تحفظ کے لئے آواز اٹھانے پر مستان سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے ، سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مستان سنگھ پر سنگین الزامات ہیں، جن کی تفتیش ہو رہی ہے، ابھی ضمانت منظور نہ کی جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ بادی النظر میں مستان سنگھ کو جیل میں رکھنے سے پراسکیوشن کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا، عدالت نے 10لاکھ کے مچلکوں کے عوض تھانہ سٹی ننکانہ صاحب میں درج مقدمے میں مستان سنگھ کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -