گردیزی ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام پیر سید طالب حسین گردیزی کا یوم وصال عقیدت واحترام سے منایا گیا
لاہور (نمائندہ خصوصی ) گردیزی ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام جمعیت علمائے پاکستان ضلع لاہور کے سابق صدر شیخ الحدیث علامہ پیر سید طالب حسین گردیزی رحمۃ اللہ علیہ کا ساتواں یوم وصال نہایت ہی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد ومدارس میں قرآن خوانی کی گئی ۔
جبکہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ان کی دینی، ملی وملکی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ علماء نے مختلف مقامات پر ہونے والے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور ملک کے خلاف جب بھی کوئی سازش ہوئی تو علامہ گردیزی رحمۃ اللہ علیہ نے اہم کردار ادا کیا۔ دفاع اسلام اور تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے آپ نے وہ قربانیاں دیں جو رہتی دنیا تک مسلمانانِ عالم کو ہدایت ورہنمائی فراہم کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ گردیزی رحمۃ اللہ علیہ کو زندگی میں بڑے بڑے مفادات کے سبز باغ دکھائے گئے لیکن علامہ گردیزی رحمۃ اللہ علیہ نے ابن الوقت بننا گوارہ نہ کیا اور نہ ہی علمائے سو کی طرح حکمرانوں اور شاہانِ وقت کے دور کی ٹھوکریں کھائیں ہمیشہ ان مفادات کو جوتے کی نوک پر رکھا۔ علماء نے کہا کہ علامہ گردیزی اتحاد امت کے بہت بڑے دائی تھے۔ عمر بھر امن ومحبت بھائی چارے کا درس دیا ۔ آپ ؒ امت کا عظیم سرمایہ تھے آپ کی دینی، ملی وملکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔