قصور کے ہسپتال جتنا فعال ہوں گے جنرل ہسپتال پر اتنا ہی دباؤ کم ہو جائے گا،کمشنر
لاہور(جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ ضلع قصور کے ہسپتال جتنا زیادہ فعال ہوں گے جنرل ہسپتال لاہور پر اتنا ہی دباؤ کم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ہسپتال چونیاں کی 100 بستروں تک اپ گریڈیشن کے لیے تعمیر کی جانے والی عمارت میں ریمپس کے ساتھ ساتھ لفٹ بھی ضرور بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کی مرمت و بحالی اور ان میں مزید بستروں کی فراہمی کے کام کی رفتار کو معیاری پیمانوں پر جلدازجلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے ضلعی ہسپتال میں ایمرجنسی سروسز اور مفت ادویات کے ذخیرہ و فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال لاہور کے ماہرین جلد کے قصور میں مریضوں کو چیک کرنے سے ضلع قصور کے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں اور اس کا اندازہ مریضوں کی تعداد میں تقریبا دوگنا اضافہ سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال لاہور کے ساتھ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا رابطہ کار مزید بڑھانے کے لیے تجاویز کو خوش آمدید کہا جائے گا اور اس حوالے سے منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار ٹی ایچ کیو ہسپتال چونیاں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی سی او قصور محمد شاہد اور ای ڈی او ہیلتھ قصور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے شرکت کی۔