ایس ایس یو ہیڈکوارٹر میں ہیپاٹائٹس آگاہی پروگرام کا انعقاد
کراچی (کرائم رپورٹر) اے آئی جی سیکیورٹی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس مقصود احمد کی ہدایت پر ہیپاٹائیٹس کے بارے میں آگاہی کا پروگرام ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر میں منعقد کیا گیا جس میں 1610 کمانڈوز سمیت سویلین اسٹاف کااس سلسلے میں طبی معائنہ کیا گیا۔اے آئی جی سیکیورٹی نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ اچھی صحت اور جسمانی تندرستی ہمیشہ کمانڈوز کو دہشت گردوں کے خلاف بھر پورآپریشنز کرنے میں نمایاں مددگار ثابت ہوتی ہے۔اس پروگرام کے تحت 1610 افرادکا طبی معائنہ کیا گیا جس میں 37 ہیپاٹائٹس B اور 26 میں ہیپاٹائٹس C پایا گیا۔ مقصود احمد نے اس موقع پر اپنے سینئر افسران اور ڈاکٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ ہیپاٹائیٹس سے متاثرہ افراد کے بہتر علاج کے لیے فوری عملی اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔ہیپاٹائیٹس سے محفوظ رہنے والے ملازمین کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ہیپاٹائیٹس B سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن کی گئی۔کمانڈوز اور دیگر عملے نے ہیپاٹائیٹس سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔اس بات کا تذکرہ کرنا نہایت ضروری ہے کہ دنیا میں12 میں سے ایک شخص ہیپاٹائیٹس B یا Cکے مرض میں مبتلا ہے اور تقریباً 1.4 ملین لوگ ہر سال اس موزی مرض کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔سندھ میں 2.5 فیصد آبادی ہیپاٹائیٹس B میں مبتلا ہے جبکہ 4.9 فیصد لوگ ہیپاٹائیٹس C میں مبتلا ہیں۔ ہیپاٹائیٹس سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہی کے ذریعے اس مرض سے نجات پائی جاسکتی ہے۔