پشاور یونیورسٹی میں جدید طرز کا آئی ٹی پارک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ
پشاور( پاکستان نیوز) خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈپشاور یونیورسٹی کے احاطے میں جدید طرزکا ایک آئی ٹی پارک قائم کرے گی جس کا مقصد یونیورسٹی اور اس کے دیگر تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم نوجوانوں اور اساتذہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی جاب مارکیٹس میں باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔اس بات کا فیصلہ منگل کے روزسینئر صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان تراکئی کی زیر صدارت انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر رسول جان،وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی سید امتیاز حسین گیلانی،وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر اجمل خان،وائس چانسلر ایگریکلچر یونیورسٹی پروفیسر ظہوراحمد سواتی اورڈائریکٹر خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید کے علاوہ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چاروں جامعات کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجوزہ آئی ٹی پارکس کیلئے مناسب جگہ کی فراہمی سے متعلق معاملات اور تجاویز پرتفصیلی غور و خوض کیا گیا جس کی حتمی منظوری یونیورسٹی کے سنڈیکٹس دیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے آئی ٹی پارک کے قیام کوصوبے میں آئی ٹی کے فروغ اور صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار اور باروز گار بنانے کی طرف اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ا س پارک کے قیام سے چاروں یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت کی سہولت ایک چھت فراہم ہو سکے گی۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں یہ آئی ٹی پارک ایک مکمل آئی ٹی یونیورسی بن جائے گی جبکہ ا ن تعلیمی اداروں میں بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کے انکیوبشن سنٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔پشاور یونیورسٹی کے احاطے میں اس پارک کے قیام کا مقصد بتاتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ چونکہ بہت زیادہ تعداد میں نوجوان پشاور یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ دیگر یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں اسلئے یہاں پر آئی ٹی پارک قائم کرنے سے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فائدہ پہنچ سکے گا۔چاروں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر صاحبان نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا جس پر صوبائی وزیر نے اپنی حکومت کی طرف سے انکاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔