پنجاب حکومت عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرئے، محمودالرشید
لاہور( نمائندہ خصوصی) قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمودالرشید نے صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال میو میں ایم آر آئی مشین نہ ہونے، 10 سال گزرنے کے باوجود سرجیکل ٹاور کا تعمیراتی منصوبہ مکمل نہ ہونے پر اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرادی۔ اپوزیشن لیڈرپنجاب کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صحت عامہ کے اس اہم مسئلے کو زیر بحت لانے کیلئے تحریک التوائے کار کو باضابطہ قرارداد قرار دیکر اس پر بحث کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں فی الفور وزیر صحت لگایا جائے، میو ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کو ہنگامی بنیادوں پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت کو اس سنجیدہ مسائل سے غافل نہیں رہنے دینگے اور اگر حکومت عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت فراہم نہیں کر سکتی تو اسے حکومت کرنے کا بھی حق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے اپنی ترجیحات نہ بدلیں اور عوام کو صحت کی بروقت سہولیات فراہم نہ کیں تو احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ دریں اثناء اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ سروسز ہسپتال کے پیرامیدیکل سٹاف کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔
محمودالرشید