کوہاٹ میں بائیک لفٹر گینگ گروہ کے 3 ارکان گرفتار
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ سے بائیک لفٹر گینگ کے تین ارکان کو مسروقہ موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کر لیا گیاہے۔ملزمان ایک ہی قبائلی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو ایک عرصہ سے کوہاٹ میں رہائش پزیر اور شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ۔زیر حراست ملزمان کے قبضے سے تین چوری شدہ اور دو مشکوک موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔گرفتار ملزمان کا مقامی عدالت سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث گروہ کی نیو بس سٹینڈ کے قریب واقع اکبرآباد کے علاقے میں موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی سب انسپکٹراسلام الدین نے ایس آئی سخی الرحمان ،تفتیشی افسر رحمت اللہ وزیر اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ ایک رہائشی مکان پرکامیاب چھاپہ مار ا جہاں سے مجموعی طور پر پانچ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں جن میں چوری کی تین اور دو مشکوک موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔چھاپے کے دوران پولیس نے بائیک لفٹر گروہ کے اورکزئی ایجنسی کی قبائلی خاندان سے تعلق رکھنے والے تین ارکان سفیر زمان ،ساجد زمان پسران ولایت شاہ اور انکے چچا زاد شاہد خان ولد خان زمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے گرفتار تینوں ملزمان اور چوری کی موٹر سائیکلیں فوری طور پر تھانہ سٹی منتقل کردیں جبکہ ملزمان کو موٹر سائیکل چوریوں کے مقدمات میں نامزد کردیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتارملزمان کے قبضے سے برآمد ہونیوالی موٹر سائیکلیں کوہاٹ شہر کے علاقہ جھنڈی سٹیشن،پولیٹیکل چوکی اور ملز چوکی کے علاقوں سے چوری کی گئی تھیں جنکی چوری کے مقدمات تھانہ سٹی ،چھاؤنی اور تھانہ محمد ریاض شہید میں درج کرلی گئی ہیں تاہم ملزمان سے ملنے والی مزید دو مشکوک موٹر سائیکلوں کے متعلق ابھی چھان بین جاری ہے۔ملزمان کو سینئیر سول جج کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے تفتیشی ٹیم پوچھ گچھ کر رہی ہے۔پولیس ذرائع کے بقول ملزم سفیر زمان بائیک لفٹر گروہ کا سرغنہ جبکہ اسکا بھائی ساجد زمان اور چچا زاد شاہد خان بائیک لفٹنگ کی وارداتوں میں شریک جرم ملزمان ہیں ۔پولیس کی تفتیشی ٹیم کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران چوری کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔پولیس کو دئیے گئے بیان میں ملزمان نے چوری کی موٹر سائیکلیں شہروں کے علاوہ قبائلی علاقوں میں فروخت کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے بائیک لفٹر گروہ کی گرفتاری پر پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔