پاک چین اقتصادی راہداری روٹ پر سیاست چمکانے کی ضرورت نہیں
نوشہرہ(بیورورپورٹ) سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری روٹ پر سیاست چمکانے کی کوئی ضرورت نہیں وفاقی حکومت معاملے کو تمام سیاسی جماعتوں کی اتفاق رائے سے حل کریں اور اس منصوبے میں کسی کو نظرانداز نہ کریں حکومت تمام سیاسی جماعتوں سمیت چاروں صوبوں کو اعتماد میں لے پیپلزپارٹی میں کوئی اختلافات نہیں پارٹی پوری طرح متحد ہے مخالفین کو پیپلزپارٹی کی مقبولیت ہضم نہیں ہورہی آنے والے الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاسی قوت کااندازہ ہوجائے گا شہیدذوالفقار علی بھٹو پوری ایشیا کی عظیم شخصیت کے مالک تھے پاکستان میں جمہوریت ان کی اور ان کی شہیدبیٹی محترمہ بینظیربھٹو کی بدولت قائم ہے ان خیالات کااظہار راجہ پرویز اشرف نے نوشہرہ میں شہیدذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر سینٹر خان زادہ خان، سابق صوبائی وزیر رحیم داد خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات لیاقت شباب بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایک ایٹمی قوت بناکر اس ملک کو دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل کیا اور عوام کو ان کا جمہوری حق دے دیا گیا لیکن وہ عظیم لیڈر آج اس دنیا میں نہیں وہ ہمیشہ پاکستانی عوام کے دلوں میں حکمرانی کرتا رہے گا انہوں نے کہا کہ شہیدبھٹو نے غریب اور مزدور طبقے کیلئے آواز اٹھائی ہے اور ہمیشہ اپنے اصولوں پر قائم رہے اور انہی اصولوں کے تحت ایک امر کے سامنے سرجھکانے کی بجائے تختہ دار کو ترجیح دی ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے انہوں نے مزید کہا کہ آج وہ لوگ بھی پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو جمہوریت کا سبق پڑھاتے ہیں جو خود جمہوریت کے الف ب سے واقف بھی نہیں انہوں نے کہا کہ کپتان نے خیبرپختونخوا کے عوام سے نیا پاکستان بنانے کے نام ووٹ لیکر عوام کو دھوکہ دیا پاکستان تو دور نیا خیبرپختونخوا بھی نہ بناسکا کپتان ہمیں دکھا دے کہ خیبرپختونخوا میں کونسی تبدیلی آگئی ہے عوام آئندہ ان کے کھوکھلے اور تبدیلی کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے آنے والا دور پیپلزپارٹی کا ہے۔