نوجوان پی ٹی آئی کا قیمتی اثاثہ ہے کسی صورت نظر انداز نہیں کرینگے

نوجوان پی ٹی آئی کا قیمتی اثاثہ ہے کسی صورت نظر انداز نہیں کرینگے

  

درگئی (نمائندہ پاکستان) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور ممبر قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوجوان پی ٹی آئی کا مضبوط آثاثہ ہے جس کی کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینگے۔ ماضی میں نوجوانوں کے فلاح و بہبود ،خوشحالی اور ترقی کے لئے اقدامات کئے جاتے تو آج پاکستانی نوجوان دُنیا میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوکر اپنے ملک کا نام روشن کرتے ۔ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو پارٹی کے اندر شفاف انتخابات کراکر مخلص اور عوام دوست قیادت کو سامنے آنے کے مواقع دے رہی ہے ۔پی ٹی آئی کے قائد عمران خان نے حقیقی جمہوری ،فلاحی اور خوشحال ملک کی بُنیاد رکھ دی ہے اس لئے محب وطن عوام اور نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ عمران خان اور دوسرے قائدین کے ہاتھ مضبوط کرکے وطن عزیز کوجمہوری ، معاشی اور دفاعی لحاظ سے مضبوط وطن بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ملاکنڈ کے وفدجس کی قیادت یوتھ ونگ کے رہنماء اور سابق ضلعی نائب صدر حاجی پیر مصور خان غازی کر رہے تھے سے ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر سجاد فیاض ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملاکنڈ ولایت خان اور پی ٹی آئی اور انصاف یوتھ ونگ کے دیگر عہدیدار اور کارکن بھی موجودتھیں ۔اس موقع پرملاکنڈکے وفد نے مرکزی رہنماء اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کو دورہ ملاکنڈ کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کیا ۔اس موقع پر حاجی پیر مصور خان غازی اور ولایت خان باچہ نے مرکزی رہنماء کو ملاکنڈ کے سیاسی صورتحال اور کارکنوں کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا اور کہا کہ کارکنوں کے دن رات محنت سے ملاکنڈ تحریک انصاف کا مضبوط گڑھ بن چکا ہے اور انشاء اﷲ مستقبل میں ملاکنڈ سے دیگر سیاسی جماعتوں کا سیاسی جنازہ نکالیں گے ۔ مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کارکن اندرونی رنجشوں کا خاتمہ کرکے تمام تر توجہ پارٹی مضبوطی اور انٹرا پارٹی الیکشن پر مرکوز کریں تاکہ مخلص اور ایماندار قیادت کو سامنے آنے کا موقع مل سکیں ۔

مزید :

پشاورصفحہ اول -