حکومت نادرا آفس متاثرین کی غم میں برابر کی شریک ہے ، عاطف خان
مردان(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم محمدعاطف خان نے ڈپٹی کمشنر مردان کے دفتر میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں نادرا آفس مردان خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 26 افراد کے ورثاء میں صوبائی حکومت کی جانب سے 5 ،5 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مجاہد خان ، دیڈک کمیٹی مردان کے چیئرمین افتخار علی مشوانی ، رکن صوبائی اسمبلی عبید خان مایار ،ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر شیر محمد خان اور دیگر عہدیداراور ضلع کونسل کے بعض ارکان بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر مردان نے اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ہم نادرا آفس دھماکے کے شرکاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے امدادی چیکوں کی بروقت تقسیم صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ممکن ہوئی ۔ اپنے خطاب میں وزیر تعلیم عاطف خان نے کہا کہ مردان کا واقعہ عظیم سانحہ تھا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس سانحے میں بے گناہ افراد لقمہ اجل بنے ۔صوبائی حکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت ،فوج ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں تاہم یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں آپ کے خاندان براہ راست متاثر ہوئے ۔امدادی رقوم کسی طو ر جان بحق افراد کا نعم البدل نہیں ہوسکتے حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے ۔انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کی ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔بعدازاں انہوں نے دھماکے میں جان بحق ہونے والوں کے ورثاء میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔