نیشنل ایکشن پلان پر یکسو ہوکر عمل کیا جائے: ڈاکٹر سلیم حیدر

نیشنل ایکشن پلان پر یکسو ہوکر عمل کیا جائے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز کے علاوہ ملکی وسائل کو لوٹنے والے کرپٹ بیوروکریٹس کیخلاف کارروائی کی جائے اور اُن سے لوٹی گئی ملکی دولت واپس لی جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم احتساب کی متلاشی ہے ۔ اگر اب بھی بے رحمانہ احتساب نہ کیا گیا تو پھر اس کا تمام تر فائدہ کرپٹ اور ملک دشمن عناصر کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں میں چھپے وہ عناصر جو کہ دہشت گردوں اور ملکی وسائل لوٹنے والوں کے سہولت کار ہیں انہیں بھی بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے خود کو قومی جماعت کہنے والی سیاسی پارٹیاں عوام کے مفادات کے بجائے چند لٹیروں اور سماج دشمن عناصر کی حامی بنی ہوئی ہیں جس کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ اب معمول سے ہٹ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے اسٹیبلشمنٹ کو یکسو ہوکر بلاتفریق اُن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف برسرپیکار رہے ہیں کیونکہ مہاجروں کا مستقبل اس ملک سے وابستہ ہے اور ملک کو نقصان پہنچا نے والوں کو مہاجر کسی طورپر بھی برداشت نہیں کرسکتے۔ بدقسمتی سے خود کو قومی جماعت کہنے والے آج مختلف انداز سے اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو عوام کیلئے دعوت فکر ہے کیونکہ عوام جنہیں ملک کا خیرخواہ سمجھتے رہے ہیں وہی اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر سندھ کا پاور بیس ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ مہاجروں کو بھی خصوصی پیکیج دیا جائے تاکہ مہاجروں میں پائی جانے والی احساس محرومی کا ازالہ ہوسکے۔ کیونکہ برسہا برس سے مہاجروں کے ساتھ سندھ میں سوتیلی ماں کا سلوک کیا جاتا رہا ہے ۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سلیم حیدر نے تحریکی ساتھی فضل شیخ کی والدہ کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دُعا کی ۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -