حقوق سے محروم رکھا گیا تو تاریخ کا سب سے بڑا دھرنا دینگے،فاروق ستار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ذیلی سماجی ادارے اکیڈمک اینڈ سوشل سرکل اور اے پی ایم ایس او جامعہ این ای ڈی یونٹ کے اشتراک سے جامعہ این ای ڈی میں تین روزہ کتب میلے کا انعقاد کیا گیا جس کے افتتاح کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کا حسن اور حقیقی جمہوریت ہے مگر اس نظام کو ناکام کرنے کی سازش کے تحت اس نظام کو بے اختیار کیا جا رہا ہے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کے لوگوں کو انکے حق سے محروم رکھا گیا تو ایم کیو ایم کراچی کے شہریوں کو انکے حقو ق دلوانے کے لئے ملک کی تاریخ کا سب بڑا کامیاب دھرنا دیں گی۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ جامعہ این ای ڈی سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہء نے ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔طلبا و طالبات اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز اور شہر کراچی کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔کتب میلے کے افتتاح کے موقع پر اے پی ایم ایس او کے وائس چیئرمین علی مصطفی ،جوائنٹ سیکریٹری آصف احمد،نشرواشاعت سیکریٹری حسیب قریشی سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجودتھی۔کتب میلے میں بڑی تعداد میں اسٹالز لگائے گئے ،جن میں طلبا و طالبات کی دلچسپی کیلئے انجینئرنگ ،گھریلومعاشیات ،طنزومزاح،ادب ،معلومات عامہ اور دیگر تدریسی کتب کے علاوہ انجینئرنگ کے آلات اور کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے تھے۔