کراچی ،پولیو مہم کے دوران8ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دینگے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر کی ذیر صدارت ہونیوالے ایک اجلاس میں 11 جنوری تا 14 جنوری 2016 کراچی کے مختلف تھانوں کی حدود میں ہونیوالی چار روزہ پولیو ڈراپس مہم کے سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مذید احکامات دیئے گئے ۔ اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز کراچی ، ضلعی ایس ایس پیز کراچی سمیت یونیسیف اور پولیو ڈراپس مہم کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات دیں کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیو ڈراپس مہم کی ٹیموں اور نمائندوں کی باقاعدہ فہرستوں کے مطابق سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو مربوط اور موثر بنایا جائے اور بالخصوص اس حوالے سے ممکنہ حساس علاقوں میں پولیو ڈراپس مہم کے عملے کے تحفظ کے لئے کنٹی جینسی پلان پر عمل درآمد کو ہر سطح پر غیر معمولی بنایا جائے ۔انہوں نے ہدایات دیں کہ چار روزہ پولیو ڈراپس مہم کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت ، انکی تجاویز سمیت کرائم انالیسسز کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کئے جانیوالے سیکیورٹی منصوبے کے تحت تمام ایس ایچ اوز علاقوں میں موجودگی ، پولیس پٹرولنگ ، اسنیپ چیکنگ و دیگر سیکیورٹی اقدامات کی باقاعدہ نا صرف نگرانی کرینگے بلکہ بچوں کو گھر گھر جاکر پولیو ڈراپس پلانے کی مہم کی کامیابی میں بھی تمام تر اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ چار روزہ پولیو ڈراپس مہم میں 4634 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے 8000سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو تعینات کیا جارہا ہے ۔