رات گئے راولپنڈی کے فائیو سٹار ہوٹل میں آتشزدگی، کئی افراد پھنس گئے، ہر طرف چیخ وپکار

رات گئے راولپنڈی کے فائیو سٹار ہوٹل میں آتشزدگی، کئی افراد پھنس گئے، ہر طرف ...
رات گئے راولپنڈی کے فائیو سٹار ہوٹل میں آتشزدگی، کئی افراد پھنس گئے، ہر طرف چیخ وپکار

  

 راولپنڈی (ویب ڈیسک) راولپنڈی کے 5 منزلہ فائیو سٹار ہوٹل میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد پھنس گئے ،  چوتھی اور پانچویں منزل پر لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کیلئے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے اور کھڑکیوں سے لٹک گئےتاہم  پولیس، فائر بریگیڈ اور امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر لگی۔ کئی افراد پھنس گئے۔ ہوٹل میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے، آگ تیسری منزل سے چوتھی اور پانچویں منزل تک بھی پہنچ گئی۔ رات گئے سیڑھیاں لگا کر لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جاتی رہی اور بالآخر کامیابی مل گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق آگ ہوٹل کے اندرونی حصے میں لگی پوری عمارت دھویں سے بھر گئی، لوگ مدد کیلئے پکارتے رہے۔ ریسکیو عملے کی سیڑھیاں صرف تیسری منزل تک پہنچ سکیں جبکہ ہوٹل 5 منزلہ ہے۔ پہلے، دوسرے فلور پر موجود لوگ اپنی منزل آپ کے تحت نکلنے کی کوشش کرتے رہے۔ اوپر کے فلورز پر موجود لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ریسکیو حکام نے سکائی لفٹ طلب کر لی تاکہ لوگوں کو بحفاظت نکالا جا سکے۔ عینی شاہد کے مطابق ہوٹل کے کمرہ نمبر 505 میں ڈیڑھ سالہ بچی چیخ و پکار کرتی رہی جبکہ والدین اسے بچانے کیلئے کوشش کرتے رہے۔ پولیس کے مطابق آگ کی شدت بڑھنے کی وجہ سے ریسکیو کے مزید عملے اور پولیس نفری کو طلب کر لیا گیا۔ رات گئے تک تین درجن کے قریب افراد ہوٹل سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ انتظامیہ کے پاس 5ویں فلور کیلئے سیڑھی نہ تھی۔ نجی کمپنی سے کرین منگوائی گئی جس کے ذریعے لوگوں کو ریسکیو کیا۔

مزید :

راولپنڈی -