چھوٹے زلزلوں کا آنا اچھی بات ہے،توانائی کا اخراج ہوتاہے: ڈی جی محکمہ موسمیات
اسلام آباد (صباح نیوز) محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ چھوٹے زلزلوں کا آنا اچھی بات ہے چھوٹے زلزلوں سے توانائی کا اخراج ہوتا ہے اور بڑے زلزلے کم ہوجاتے ہیں زلزلے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی پیشنگوئی ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے چیئرمین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں زیادہ زلزلے آتے ہیں۔ کوہ ہندوکش سے ملحقہ علاقوں میں 80 فیصد زلزلے آئے۔ 26اکتوبر کے بعد 800 آفٹر شاکس ریکارڈ کئے گئے یوریشین اور انڈین پلیٹوں کے ٹکراﺅ سے زلزلے زیادہ آرہے ہیں۔ بڑے زلزلے کے فوراً بعد آفٹر شاکس کی تعداد بڑھی ہے۔ شمالی پہاڑی علاقوں میں زیادہ خطرناک فالٹ لائن موجود نہیں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات نے کہا کہ پاکستان میں زلزلے کی پیشگی اطلاع کا کوئی نظام موجود نہیں، دنیا کے کچھ ممالک میں یہ ٹیکنالوجی ہے جس میں کچھ سیکنڈ قبل مطلع کیا جاسکتا ہے تاہم پیشنگوئی نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہا میں یقین دلاتا ہوں کہ محکمہ موسمیات اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان مانیٹرنگ ضرور کرتے ہیں۔ ہم نے پچھلے سال جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے ساتھ ملکر گلگت کے علاقے میں سروے کروایا تھا کیونکہ وہاں سے رپورٹ آئی تھی کہ وہاں زمین میں کچھ دراڑیں پڑرہی ہیں۔ رپورٹ کے بعد زیادہ حساس مقامات سے لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی تیاری بھی کی گئی۔ پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں زیادہ زلزلے آتے ہیں ان پر فوکس رکھا ہوا ہے۔