چین کا نیا تعمیر کردہ ہوائی اڈہ پورے خطے کو رہنمائی فراہم کرے گا
بیجنگ(آئی این پی)جنوبی چین کے ساحلی علاقے میں نیا تعمیر شدہ ہوائی اڈہ پورے خطے کی سلامتی میں اہم کردار ادا کرے گا ، چین نے حال ہی میں جزیرہ ننشا میں یانگ شو کے مقام پر ایک ہوائی اڈہ تعمیر کیا ہے تا کہ بحرالکاہل اور بحرہند کے درمیان جہاز رانی کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار وزارت ٹرانسپورٹ کے چیف انجنیئر مسٹر پان وو نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ایمر جنسی کی صورتحال میں مشکلات پیش آتی تھیں اور جہاز رانی کی سہولتیں بہت کم تھیں تا ہم نئے تعمیر شدہ ہوائی اڈے اور لائٹ ہاؤسز کے باعث اس خلا کو پر کر دیا گیا ہے اور اب جنوبی چینی سمندر سے پورے خطے کے جہازوں کورہنمائی فراہم کی جا سکے گی ، اس علاقے سے ہر سال چالیس ہزار جہاز گزرتے ہیں ،ان سہولتوں سے بحری اور ہوائی جہاز استفادہ کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشین طیارے کے حادثے کے بعد اس کی ضرورت کا شدت سے احساس ہوا ،چنانچہ اب اس خطے میں خطرات میں خاطر خواہ کمی ہو جائے گی اور جنوبی ایشیا تک کا علاقہ جہاز رانی میں ہوائی اڈے سے استفادہ کر سکے گا۔