جنوبی افریقہ کے قائد ہاشم آملہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفیٰ، ڈی ویلیئر نئے کپتان مقرر

جنوبی افریقہ کے قائد ہاشم آملہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفیٰ، ڈی ویلیئر نئے ...
جنوبی افریقہ کے قائد ہاشم آملہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفیٰ، ڈی ویلیئر نئے کپتان مقرر

  

کیپ ٹاون(ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ کپتان ہاشم آملہ کپتانی سے مستعفیٰ ہو گئے ہیں۔ اس کا اعلان انہوں نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر کیا ۔ان کے استعفیٰ کے بعد نائب کپتان اے بی ڈی ویلیئر کو کپتان بنا دیا گیا ہے۔ ہاشم آملہ کو گریم سمتھ کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا انہوں نے 6سیریز میں ٹیم کی کپتانی کی جن میں سے سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف کامیابی حاصل کی جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز بارش کی وجہ سے برابر ہوگئی تھی۔ ان کو بھارت کے خلاف بھارت میں ہونے والی سیریز میں شرمناک شکست ہوئی تھی اس سیریز میں آملہ خود بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے ۔ اس شکست کے بعد سے ان پر دباو تھا لیکن ان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھا گیا۔کرک انفو کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن مجھے یہ فیصلہ کرنا ہی تھا اب میں اپنی پوری توجہ اپنے کھیل پر مرکوز رکھنا چاہتا ہوں۔میں نے اپنے مستعفی ہونے کے بارے میں دو ہفتے قبل ہی فیصلہ کر لیا تھا۔مجھے تمام ٹیم، انتظامیہ اور شائقین کی حمایت حاصل رہی جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں میں ٹیم کیلئے کسی بھی فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں۔جنوبی افریقہ کرکٹ کے سربراہ ہارون لاگارٹ نے کہا ہے کہ ہم ان کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں۔ ہاشم ہمارے لئے قابل احترام ہیں ان کی جنوبی افریقہ کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

مزید :

کھیل -