پٹھانکوٹ واقعہ میں پاکستان ملوث نہیں ،بھارت حاکمانہ رویہ چھوڑ دے :رحمن ملک

پٹھانکوٹ واقعہ میں پاکستان ملوث نہیں ،بھارت حاکمانہ رویہ چھوڑ دے :رحمن ملک
پٹھانکوٹ واقعہ میں پاکستان ملوث نہیں ،بھارت حاکمانہ رویہ چھوڑ دے :رحمن ملک

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءسینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ پٹھانکوٹ واقعہ میں پاکستان ملوث نہیں ،بھارت روز اپنے رنگ بدلتا ہے،پاکستان کو اپنے دشمنوں سے چوکنا رہنا ہو گا۔لاہور ہائیکورٹ بار میں ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ تقریب میں وکلاءسے خطاب کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ مودی اپنے حاکمانہ رویے کو بدلیں اور ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزامات کا سلسلہ بند کریں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی پنجاب آمد کی اطلاع سے حکمران کانپنا شروع ہو گئے ہیں۔بلاول بھٹو کی لاہور آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔انہوں نے کہ اکہ موجودہ حکومت اشتہاری حکومت ہے ،اسی لئے ہر چھوٹے کام کے بدلے بڑے بڑے اشتہارات دے کر حکومتی کارکردگی کو اشتہارات پر ظاہر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذولفقار علی بھٹو کو مسلم امہ کو اکٹھا کرنے اور ایٹم بم بنانے کے جرم میں ناانصافی کے ذریعے پھانسی پر لٹکایا گیا۔جب بھی پیپلز پارٹی کو انصاف دینے کی باری آتی ہے تو نہ جانے کون سی آندھی ترازو ہلا دیتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا کہ شریف برادران 22سالوں سے حکمرانی کے مزے لے رہے ہیں،پیپلز پارٹی نے جمہورئت کی مضبوطی کے لئے مصالحانہ انداز اختیار کئے رکھا جس کا غلط مطلب نکالا گیا۔اب پیپلز پارٹی مصالحانہ پالیسی کو ترک کر کے موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔اسی لئے بلاول بھٹو زرداری اب پنجاب میں قیام کریں گے جبکہ کراچی میں دورے کیا کریں گے۔ اس موقع پر پیپلز لائرز فورم پنجاب کے صدر خرم لطیف خان کھوسہ ، افتخار شاہد ، میاں شاہد عباس ، زاہد چودھری ، سہیل ملک ، خالد ہاشمی سمیت دیگر نے بھی خطابا ت کئے۔تقریب کے اختتام پر پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو کی ستاسویں سالگرہ کیا کیک بھی کاٹا گیا۔

مزید :

قومی -