پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
اسلا م آباد ( آن لائن ) پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کے حوالے سے گزشتہ روز خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں مختلف شخصیات کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا جبکہ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ سکواش کے کھوئے ہوئے اعزاز کی واپسی کیلئے محنت کر رہے ہیں،نوجوان پلئیرز سے بہت سی توقعات وابستہ ہے،شمالی وزیرستان سے بہترین کھلاڑی آگے آ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سکواش فیڈریشن اور سرینہ ہوٹلز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ائیر چیف مارشل سہیل امان تھے ، تقریب میں وائس ائیر چیف اسد لودھی , سکواش لیجنڈ جہانگیر خان , قمر زمان سمیت غیر ملکی پلئیرز اور سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں ملک میں سکواش کھیل کے فروغ کیلئے خدمات پر مختلف شخصیات کو سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا جس کے تحت سرینہ ہوٹلز کے عزیز بولانی اور شہریار خان سمیت خواتین سکواش کے فروغ پر توت بابر کو سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ و پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پاکستان میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سکواش کے کھوئے ہوئے اعزاز کی واپسی کیلئے محنت کر رہے ہیں۔ نوجوان پلئیرز سے بہت سی توقعات وابستہ ہے۔ ائیر چیف نے کہاکہ شمالی وزیرستان سے بہترین کھلاڑی آگے آ رہے ہیں , ایک وقت تھا کب وہاں دہشتگردوں کا راج تھا لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، قبائلی علاقوں سے کھلاڑیوں کا آگے آنا خوش آئند ہے ہے، سہیل امان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں, سکواش کی ترقی کیلئے درست سمت میں جا رہے ہیں۔
