بلاول بھٹو سے مل کرپارلیمینٹ میں بھرپور سیاست کروں گا،آصف زرداری
لاہور(شہزاد ملک سے) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی کو پارلیمینٹ کی اہمیت کا علم ہی نہیں اس لئے وہ پارلیمینٹ نہیں جاتا، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمینٹ سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی آدمی کیلئے سب سے زیادہ طاقتور پلیٹ فارم پارلیمینٹ ہوتا ہے اور اسی لئے میں خود اور چیئرمین بلاول بھٹو کو پارلیمینٹ لے کر جانا چاہتا ہوں کیونکہ وہاں پر حکمران جماعت کے سربراہ وزیراعظم میاں نواز شریف ، مولانا فضل الرحمن ،سراج الحق ،ایم کیو ایم اور اے این پی سمیت ملک بھر کی تمام جماعتوں کی بھرپور نمائندگی موجود ہے اور جب وہاں پیپلز پارٹی کی قیادت بھی موجود ہو گی تو ہم بہتراور بھرپور طریقے سے اپوزیشن کر سکیں گے ۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے تفصیل کے ساتھ آصف پارلیمینٹ جانے کے بارے میں ارکان اسمبلی کو بتایا تو پھر تمام ارکان نے ان کے اس فیصلے کی بھرپور تائید کی تاہم اس موقع پر چند ارکان پارلیمینٹ کی طرف سے یہ رائے بھی دی گئی کہ دونوں پارٹی قائدین اکھٹے پارلیمینٹ نہ جائیں۔ ایک لیڈر اسمبلی کے اندر پارلیمانی سیاست کو پروان چڑھائے تو دوسرے لیڈر کو اسمبلی سے باہر رہ کر پارٹی کی تنظیم سازی کی طرف توجہ دینی چاہئے ۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ پارٹی کسی بھی صورت نظر انداز نہیں ہو گی بلکہ ہمارے اسمبلی کے اندر چلائی جانے والی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں پارٹی مضبوط ہو گی کیونکہ ان ایشوز پر ہم اسمبلی سے باہر رہ کر بھی اپوزیشن کی سیاست کریں گے ۔ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمینٹ سے گفتگو میں جب دونوں سر براہوں کاپیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین اور پیپلز پارٹی کے الگ الگ نشانات پر پر الیکشن لڑنے کا نکتہ اٹھایا گیا تو قانونی ماہرین نے دونوں جماعتوں کا فی الوقت الحاق کرکے ضمنی الیکشن کے نشان تیرپرلڑنے کی رائے دی۔
