پہلا ون ڈٖے ، شاہین آج کیویز پر جھپٹنے کیلئے تیار
ویلنگٹن( نیٹ نیوز)نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج ویلنگٹن میں کھیلا جائیگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق جمعے اورہفتے کی درمیانی شب 3بجے شروع ہوگا،دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے میچز میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے،دونوں ٹیموں کے مابین اب تک98ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے 53اورنیوزی لینڈ نے 42 میچز جیتے ،ایک ٹائی ہوا اور دو کا فیصلہ نہیں ہوسکا ،نیوزی لینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر پاکستان پر برتری حاصل ہے ،کیویز ہوم گراؤنڈ پر 44میں سے 26میچز جیتنے میں کامیاب رہے ۔پاکستان اور میزبان ٹیم نے ون ڈے سیریز سے قبل خوب پریکٹس کی اور اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی،جمعہ کے روزبارش کے باعث کھلاڑیوں نے انڈورپریکٹس کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ فخرزمان اور حسن علی نیوزی لینڈ کیخلاف سرپرائز پرفارمنس دیں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم آسان حریف ثابت نہیں ہوگی، ٹیم کے نئے کھلاڑی نیوزی لینڈ کی سرزمین پر پہلی دفعہ کھیلیں گے، گرین شرٹس چیمپئنز ٹرافی کی پوزیشن کو ٹور میں برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے اور اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں۔سرفراز احمد نے اپنی حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کیوی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے، اس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف اچھی بیٹنگ اور باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ، تاہم پاکستان کا باؤلنگ اٹیک بہت مضبوط ہے،محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس سے کافی امیدیں وابستہ ہیں، جب کہ ہمارے فاسٹ باؤلرز نیوزی لینڈ کے موسمی حالات کو استعمال کریں گے۔قومی کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد قوم نے بہت پیار دیا، چیمپئنز ٹرافی جیتنے سے ٹیم کو نیا جذبہ ملا اور 2019 کے ورلڈکپ میں ایک بہترین ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ شیڈول کے مطابق دوسرا میچ 9 جنوری نیلسن، تیسرا 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا 16 جنوری کو ہملٹن اور پانچواں 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن، دوسرا 25 جنوری کو آکلینڈ اور تیسرا 28 جنوری کو ماؤنٹ مانگینوئی میں کھیلا جائے گا۔