پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، عوامی رکشہ یونین کی وحدت روڈ پر احتجاجی ریلی ، بد ترین ٹریفک جام

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، عوامی رکشہ یونین کی وحدت روڈ پر ...

لاہور( کامرس رپورٹر) عوامی رکشہ یونین نے پٹرول ، ایل پی جی اور اشیائے خوردونوش کے خلاف بھیکے وال موڑ سے وحدت روڈ گراؤنڈ تک احتجاجی ریلی نکلی جس کی قیادت چیئرمین مجید غوری، حافظ مظہر جیلانی ، حاجی رفاقت، ذیشان اکمل، فیاض شاہ کر رہے تھے ۔گزشتہ روز نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں سمیت، سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عوامی رکشہ یونین کے وحدت روڈ گراؤنڈ کے سامنے دھرنا دینے سے بد ترین ٹریفک جام ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر 48گھنٹوں میں مہنگائی میں کمی نہ کی گئی تو مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے بہت بڑا احتجاجی دھرنا دیں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ مجید غوری نے کہا کہ غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے کو ئی بھی غریبوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ۔انہوں نے کہا اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ اگر حکومت کوئی عوامی خواہشات کے برعکس کام کرے تو اس خلاف آواز اٹھائے۔ لیکن پاکستان کی اپوزیشن اورحکومت کا معاملہ ہی الگ ہے اپوزیشن حکومت گرانے کیلئے سازشوں میں مصروف اور حکمران حکومت بچانے کیلئے بیرون ملک کے دورے کر رہے ہیں اسی چیز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بیوروکریسی غفلت کی نیند سو رہی ہے ۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام خود کشیوں پر مجبور ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1