ٹرمپ کا ٹویٹ ہماری عزت نفس مجروح کرنے کے مترادف ہے
لاہور(جنرل رپورٹر ) مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و پرائمری ہیلتھ کیئر کے وزیرخواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا ٹویٹ ہماری عزت نفس کو مجروح کرنے کے مترادف ہے اور ہمارے قومی وقار کے منافی ہے، ٹرمپ کا یہ بیان ہماری شناخت پر طمانچہ ہے، سیاسی و عسکری قوتوں کو ایک پیج پر رہ کر اس کا بہت سوچ سمجھ کر خوداری اور سمجھداری کیساتھ جواب دینا ہوگا،ملک کی بقاء کیلئے جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے، عوام انتخابات میں اپنا فیصلہ خود سنائیں گے، 2013ء کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال میں زمین آسمان کا فرق ہے، نواز شریف کی قیادت میں ٹھوس اقدامات سے بہتری آئی، 2014ء سے صنعتوں کی لوڈشیڈنگ صفر تھی، 2013ء کے مقابلے میں ملک کی معاشی ترقی سب کے سامنے ہے، 2013ء میں حکومت سنبھالی تو سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی تھا،قوم نے دہشتگردی جیسے چیلنج کا مل کر مقابلہ کیا۔ 2013ء کے مقابلے میں معاشی شعبے میں ترقی سب کے سامنے ہے اس وقت ملک میں طلب سے زیادہ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمیاں مرغوب احمد، چوہدری شہباز ایم پی اے ،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،تنویر ضیا بٹ،عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،چوہدری جاوید اقبال ،ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ، مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے،ہماری حقیقی عوامی خدمت کے ثبوت اور مخالفین کے جھوٹے دعوے عوام کے سامنے ہیں۔
پرویز ملک