ٹرمپ کا بیان،پاکستان نئے اتحاد کے دوست ممالک سے مشاورت کرے،آفتاب لودھی
لاہور (پ ر) چیئرمین پاکستان عوامی تحریکِ انقلا ب پروفیسر آفتاب لودھی نے امریکی تعاون کے خاتمے پر ردِّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس سلسلے میں نئے اتحاد کے لئے دوست ممالک سے مشاورت کرے وہ گزشتہ روز انقلاب سیکرٹریٹ میں تحریک کی خارجہ کمیٹی سے گفتگو کر رہے تھے۔پروفیسر آفتاب لودھی نے کہا کہ افغانستان کی سیکورٹی اس کا داخلی معاملہ ہے،پاکستان کا نہیں اور ہم امریکہ اور افغانستان کی جنگ نہیں لڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا اور اب بھی پاکستان دہشتگردوں کیخلاف حالتِ جنگ میں ہے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ سے امداد نہیں بلکہ اپنے نقصان کا ازالہ چاہتا ہے اور اگر امریکہ ہمارے نقصان کا ازالہ نہیں کرتا تو پھر پاکستان کی فضائی حدود کے ذریعے نیٹو فوج کے لئے سپلائی لائن استعمال کرنے کا معاوضہ طلب کیا جائے اور اسلام آباد میں امریکی ہیڈ کوارٹر خالی کرایا جائے اور غیر سفارتی عملہ واپس کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ہیں اور پاکستان کو چاہیے کہ اس مسئلے کو اقوامِ متحدہ میں لے کر جائے۔ پروفیسر آفتاب لودھی نے کہا کہ افغانستان اپنی سرحد کی خود حفاظت کرے،ہم امریکہ کی جنگ پاکستان کی قیمت پر نہیں لڑ سکتے۔
آفتاب لودھی