علما ء کونسل کا یوم احتجاج ، ٹرمپ مخالف بیان کے خلاف مذمتی قرار دایں منظور
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان کے دفاع، سلامتی واستحکام کیلئے پوری قوم متحد ہوکرپاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔امریکی صدر نے پاکستان مخالف بیان دیکر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کی توہین کی ہے۔وزیر اعظم پاکستان امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر قومی کانفرنس بلائیں ۔امریکہ افغان جنگ پاکستان منتقل کرنا چاہتا ہے۔پاکستان ایک آزاد خود مختار ملک ہے ۔ پاکستانی قوم داخلی وخارجی امور میں بیرونی مداخلت ہر گز برداشت نہیں کرے گی۔پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام امریکی صدر کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کیخلاف اور پاکستان کے دفاع ،سلامتی اور استحکام کیلئے ’’دفاع پاکستان کانفرنس‘‘7جنوری کو فیصل آباد میں ہوگی ۔ امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کیخلاف پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی اپیل پرملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ احتجاجی مظاہروں ،ریلیوں اور جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئی۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی (فیصل آباد)،وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیاء(کمالیہ)،حافظ شعیب الرحمن (لاہور)،مولانا ثناء اللہ حسینی (راولپنڈی) ، مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شاہ نواز فاروقی (گوجرانوالہ)، حافظ محمد شعبان صدیقی(دیپالپور)،سید کفایت حسین نقوی (ملتان)، مولانا ذو الفقار احمد (اسلام آباد)،مولانا شبیر احمد عثمانی(فیصل آباد)،مولانا یار محمدعابد(بہاولپور)،مولانا خالد محمود سرفرازی (وزیر آباد)،مفتی حفظ الرحمن بنوری،پیر جی خالد محمود قاسمی(فیصل آباد)،مولانا سید ابوبکر شاہ (شورکوٹ)، قاری وقار احمد عثمانی(سرگودھا)،حافظ محمد ابوسفیان (بورے والا)،مولانا عبد المنان عثمانی (اوکاڑہ)،مولانا محمد مشتاق لاہوری (لاہور)،مفتی عتیق الرحمن (ساہیوال)،مولانا رسال الدین آزاد(قصور)،مولانا برکت اللہ (بہاولنگر)،حافظ مقبول احمد (چنیوٹ) ،مولانا عثمان طارق(جھنگ)،مولانا محمد شریف نے چکوال میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کی توہین کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ پاکستان سے معافی مانگیں۔امریکی صدر ٹرمپ کا پاکستان کے متعلق بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔ پاکستان کے مفادات کو امریکہ کے تابع کرنے کا خواب قوم کبھی پورا نہیں ہونے دے گی۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ امریکی صدر کے پاکستان مخالف اور غیر ذمہ دارانہ بیان پر حکومت کو چاہئے کہ امریکی سفیر کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔امریکہ افغانستان میں بری طرح شکست کھا چکا ہے اور اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر افغان جنگ کو پاکستان منتقل کرنا چاہتا ہے ۔امریکہ ،بھارت سی پیک کے خلاف کھل سامنے آگئے ہیں ۔ سی پیک منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے اور بھارت کو خطے کا چوہدری بنانے کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کی آگ کو بھڑکانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہپوری قوم پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے پاک فوج اور سلامتی کے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام امریکی صدر کی دھمکیوں کیخلاف اور پاکستان کی سلامتی واستحکام کیلئے ’’دفاع پاکستان کانفرنس‘‘7جنوری کو فیصل آباد میں ہوگی جس میں تمام مکاتب فکر اور سیاسی ،مذہبی،دینی جماعتوں کے رہنماء شریک ہوں گے۔