قوم انڈیا اور امریکہ کے گٹھ جوڑ کا منہ توڑ جواب دیگی،عبدالخبیر آزاد

قوم انڈیا اور امریکہ کے گٹھ جوڑ کا منہ توڑ جواب دیگی،عبدالخبیر آزاد

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور و چیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزادنے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا امریکہ گٹھ جوڑ کا پاکستانی قوم منہ توڑ جواب دے گی ،انہوں ے کہاکہ پوری قوم پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کیلئے متحد ہے، مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان کے کندھوں پر ڈالنا چاہتا ہے، جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہو سکتا، امریکہ تمام اسلامی ملکوں میں دہشت گردی کو فروغ دے کر اپنی مرضی کی پالیسیاں مسلط کر رہا ہے، انہوں نے کہ صدر ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف پالیسیاں انڈیا کو خوش کرنے اور افغانستان میں امریکی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کو شش ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ٹرمپ مودی گٹھ جوڑ کیخلاف ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے ،پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اگر کوئی برا وقت آیا تو قوم کا ہر نوجوان میدان جنگ میں ہوگا، مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں میں پاکستان کی محبت اورتڑپ ہے ،پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر آنکھ نکال دی جائیگی ،پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے،انہوں نے کہا کہ پوری قوم بحیثیت محب وطن ملک کی عظمت کی خاطرکسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ وطن کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہم سب اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں ۔

عبدالخبیر آزاد

مزید : میٹروپولیٹن 1