پٹرول بم کے بعد ادویات کی قیمتوں اضافہ عوام کیلئے ایٹم بم سے کم نہیں،یاسر گیلانی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی انجینئر یاسر گیلانی نے کہاہے کہ ن لیگی حکومت عوام پر بموں کی برسات کر رہی ہے پٹرول بم کے بعد ادویات کی قیمتوں اضافہ پسی ہوئی عوام کے لئے ایٹم بم سے کم نہیں۔ عوام کو نئے سال میں مہنگائی کے تحفے دیئے جا رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دے کر عوام پر ظلم کیا ہے ادویات پہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے مریضوں ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر مر رہے ہیں حکومت عوام کو صحت کی مفت سہولیات دینے کی بجائے اُن کو میڈیکل مافیاز کے سپرد کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت عوام کا بنیادی حق ہے جس کی ذمہ داری حکومت پر ہوتی ہے۔
حکومت عوام سے ٹیکس وصول کر کے ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی بجائے اپنے اللوں تللوں میں ضائع کرتی ہے جبکہ عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جا رہا۔