جس قوم کے سپوت جذبہ شہادت سے سرشار ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا : شہباز شریف

جس قوم کے سپوت جذبہ شہادت سے سرشار ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا : شہباز ...
 جس قوم کے سپوت جذبہ شہادت سے سرشار ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا : شہباز شریف

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر ا علیٰ پنجاب محمد شہبازشریف شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے 21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی جو ہر ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے والدین،بہن بھائیوں اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہیدعبدالمعید کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ بلاشبہ وطن پر جانیں نثار کرنیوالے یہ بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں اورعبدالمعید جیسے دلیر بیٹے پاک دھرتی کا فخر ہیں۔انہوں نے کہاکہ عبدالمعید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ عبدالمعید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ عبدالمعید پوری قوم کا عظیم ہیرو ہے اور 22 کروڑ پاکستانیوں کو عبدالمعید کی لازوال قربانی پر ناز ہے۔وزیراعلیٰ نے وہاڑی میں ایک منصوبے کو سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے شہید عبدالمعید کے والدین کو حوصلہ دیا اور بہن بھائیوں کیساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں نسیم بی بی، ان کے شوہر محمد ادریس اور بیٹی مدیحہ شامل تھیں۔بزرگ جوڑے نے مسئلہ حل کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارا 30 سال پرانا مسئلہ حل کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا ہے ،جس پرہم آپ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ نسیم بی بی نے کہا کہ ہماری اراضی کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوا ہے۔ نسیم بی بی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے میری 2 بیٹیوں کی شادیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بزرگ جوڑے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مسئلہ حل کرنا میری ذمہ داری تھی جسے خوش اسلوبی سے نبھایاگیا اور مجھے خوشی ہے کہ آپ کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے اور آپ کو انصاف ملا ہے۔ میں نے آپ سے ملاقات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ آپ کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اوراب انصاف کے تقاضوں کے مطابق آپ کا مسئلہ حل کیاگیاہے ۔وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے کی 2 بیٹیوں کی شادی کیلئے 5، 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول